عالمی فٹ بال کی نگران تنظیم فیفا پر بڑا سائبر حملہ، قیمتی ڈیٹا چوری
ہیکرز نے ملازمین کا روپ دھارا، 12 گیگا بائٹس ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے
عالمی فٹ بال کی نگران تنظیم فیفا پر بڑا سائبر حملہ، قیمتی ڈیٹا چوری
عالمی فٹ بال کی نگران تنظیم فیفا کو ایک بڑے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے نتیجے میں ادارے کی ذاتی اور کاروباری معلومات چوری ہو گئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس سائبر حملے کا انکشاف جمعرات 26 نومبر کو کیا گیا، تاہم ادارے نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب ہوا اور اس سے کتنے افراد کا ڈیٹا متاثر ہوا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق ہیکرز نے فیفا کے سافٹ ویئر میں کسی تکنیکی خامی کا فائدہ اٹھانے کے بجائے ادارے کے ملازمین کا روپ دھار کر سسٹم تک رسائی حاصل کی۔
ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر اس سائبر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے اندرونی دستاویزات کے اسکرین شاٹس جاری کیے تھے۔ اس گروپ نے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ ہیکرز کے مطابق چوری شدہ فائلوں میں اعلیٰ حکام کی تفصیلات، مالی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں، تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی فی الحال تصدیق نہیں کی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیفا کے منسوخ کیے گئے ورلڈ کپ کمرشل رائٹس منصوبے سے متعلق حساس دستاویزات اس سائبر حملے سے محفوظ رہیں اور متاثر نہیں ہوئیں۔ فیفا نے نجی معلومات کی چوری اور ان کی آن لائن تشہیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور نقصان پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر سکیورٹی کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔