ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری

دو منصوبوں کے تحت پانی کا بہتر انتظام، زرعی پیداوار میں اضافہ اور سیلابی خطرات کم کیے جائیں گے

November 27, 2026 · قومی

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ یہ قرض دو مختلف منصوبوں کے لیے فراہم کیا جائے گا، جن کا مقصد پانی کے بہتر انتظام، زرعی پیداوار میں اضافے اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق دونوں منصوبوں سے پاکستان میں تقریباً 7 لاکھ 28 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔

خیبرپختونخوا میں زرعی ترقی کے لیے 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض منظور کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال میں زرعی پیداوار اور چھوٹے کسانوں کی آمدن بڑھائی جائے گی۔ صوبے میں آبپاشی کے نظام کو بہتر اور جدید بنایا جائے گا جبکہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور پانی کے بہتر استعمال کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

منصوبے کے تحت خواتین کو روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق تربیت بھی دی جائے گی۔

دوسری جانب پنجاب میں سیلابی پانی کو محفوظ بنانے اور سیلاب کے خطرات کم کرنے کے لیے 26 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب میں سیلابی ریلوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ بارش اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ پنجاب میں آبپاشی، نکاسی آب اور سیلاب سے بچاؤ کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

اے ڈی بی کے مطابق دونوں منصوبوں سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ منصوبوں سے زرعی ضروریات، مقامی آبادی اور ماحولیات کے لیے پانی کی دستیابی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

یہ منصوبے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔