پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کا حامی نہیں ہوں، بلاول بھٹو
جنوبی پنجاب صوبے کی جدوجہد متنازع بنانے سے گریز کیا جائے، سازشی عناصر کو خبردار کرتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی
پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کا حامی نہیں ہوں، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں، پیپلز پارٹی صرف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام تک قائل ہے۔
رحیم یار خان میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی آفت سے گزر رہا ہے، ملک کا نوجوان پریشان ہے جبکہ مہنگائی اور غربت نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب دوست جماعت ہے اور حکمرانوں کو اصل معاشی آفت کی جانب متوجہ کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ وقت انتقام کا نہیں ہے۔ سازشی عناصر کو خبردار کرتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے کی جدوجہد کو متنازع نہ بنائیں۔ اپنا صوبہ بیک ڈور سے نہیں بنائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھرپور ساتھ دینے پر مخدوم سید احمد محمود اور ان کے بیٹوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حامی نہیں اور صرف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حامی ہیں۔