امریکا میں شدید سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم

نظام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں متاثر، متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ

November 28, 2026 · بام دنیا
امریکا میں شدید سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم

امریکا میں شدید سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم

امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر آنے والے شدید سمندری طوفان اور موسلادھار بارشوں نے مشرقی ساحلی ریاستوں میں نظامِ زندگی مفلوج کردیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ فضائی اور زمینی سفر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ اور دستیاب رپورٹوں کے مطابق طوفان اور سیلابی صورتحال کے باعث امریکا بھر میں 500 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر پروازیں روکنا پڑیں۔

رپورٹس کے مطابق بجلی کی فراہمی کا نظام شدید ترین متاثر ہوا ہے۔ طوفان کی شدت کے دوران 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔ پنسلوینیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد، نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک میں 68 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع رہی۔ شدید بارشوں کے باعث زمین نرم ہونے اور 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گر گئے۔

تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پنسلوینیا اور نیو جرسی کو ملانے والا کموڈور بیری برج جبکہ میری لینڈ کے کئی پل بھی ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔ خراب موسم کے باعث نیویارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ بھی متاثر ہوئی جو اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کرکے 28 نومبر تک مؤخر کردی گئی۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر نیویارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے، جبکہ نیویارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ طوفان کے اثرات صرف مشرقی ساحل تک محدود نہیں رہے بلکہ وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں بھی اونچی لہروں کے باعث لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔