خواجہ سعد رفیق کی نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید، سول سوسائٹی تحریک کے قیام کا اعلان
اہم تردید، نئی جماعت نہیں بنے گی، قومی بیداری کی تحریک لائیں گے، الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن نہیں ہوگی۔
خواجہ سعد رفیق کی نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید، سول سوسائٹی تحریک کے قیام کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملک میں نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک وسیع البنیاد سول سوسائٹی تحریک تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو وہ اور نہ ہی ان کے رفقاء کوئی نئی سیاسی جماعت تشکیل دے رہے ہیں، اور اس حوالے سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈا، خبریں یا تجزیے حقائق کے منافی اور درست نہیں ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ اس تحریک میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار، اعلیٰ تعلیم یافتہ ٹیکنوکریٹس، بزنس مین، قانون دان، دینی اسکالرز، ریٹائرڈ سول و فوجی افسران اور نمایاں سیاسی و صحافتی شخصیات کو شامل کیا جا رہا ہے جو تمام جماعتی دھڑے بندیوں سے بالاتر ہو کر کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس قومی بیداری کی تحریک کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا۔
لیگی رہنما کے مطابق اس تحریک کا بنیادی مقصد قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق، علم، غور و فکر، مکالمے اور کامیاب عالمی تجربات کی روشنی میں سیاسی، انتخابی، انتظامی، عدالتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی اصلاحات تجویز کرنا ہے تاکہ گورننس کے فرسودہ نظام سے نجات پا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب مستقبل نوجوانوں کا ہے، اس لیے ہم نے نوجوانوں کو ایک دھندلا، لڑکھڑاتا اور غیر منصفانہ نظام کے بجائے ایک روشن، جمہوری اور مستحکم پاکستان دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قافلے میں شامل ہونے والے افراد پر کسی قسم کی سیاسی پابندی نہیں ہوگی، تاہم چاپلوس، انتہا پسند، غیر جمہوری، منتقم مزاج اور اقتدار के بھوکے افراد اس کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔