مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، صدر اور وزیراعظم

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، عالمی برادری سے اقدامات کا مطالبہ، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

November 29, 2026 · قومی
مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، صدر اور وزیراعظم

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، صدر اور وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ہرگز ممکن نہیں۔ سرکاری بیانات کے مطابق صدر مملکت نے غزہ میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کی ناکامی کا مظہر قرار دیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی ہماری آزادی سے بھی پہلے کی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کا اظہار کرنے کے بجائے فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے، جنگی خلاف ورزیوں پر جوابدہی، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی آزادی، وقار اور ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی منصفانه جدوجہد کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور تشدد کے دردناک نتائج بھگت رہے ہیں، اور غزہ میں جاری انسانی مصائب عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا لمحہ فکریہ ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین پر اصولی موقف اختیار کیا ہے اور پاکستان نے غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے 7 دیگر عرب اور اسلامی ممالک کے ہمراہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے کسی بھی حصے کو ضم کرنے، جبری بے دخلی یا جغرافیائی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی تمام کوششوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے اپنے مشترکہ موقف میں اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔