نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، شرجیل میمن کا دوٹوک مؤقف
اہم بیان، سندھ اسمبلی تقسیم مسترد کر چکی ہے، مسلم لیگ ن واضح پالیسی دے۔
نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، شرجیل میمن کا دوٹوک مؤقف
سندھ کے سینیر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تمام فیصلے سڑکوں یا ٹاک شوز کے بجائے صرف پارلیمنٹ کے فورم پر کیے جائیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی اب تک 10 مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر کے اسے مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اسمبلی کی ان قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے تو پھر اس ایوان میں بیٹھنے کا کیا جواز باقی رہ جاتا ہے۔
صوبائی وزیر نے اس موقع پر مسلم لیگ ن سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر اپنی پالیسی کو مکمل طور پر واضح کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے رحیم یار خان میں اپنے خطاب کے دوران واضح کیا تھا کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت صرف اس لیے کرتے ہیں کیونکہ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی سے باضابطہ قرارداد منظور کی گئی تھی۔
شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کی غرض سے سندھ کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی تاریخ میں اس وقت اگر کوئی سب سے بڑا رہائشی منصوبہ زیر تعمیری ہے تو وہ سندھ حکومت کی جانب سے ہی بنایا جا رہا ہے۔