فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، اداکارہ شبنم

 

لاہور: معروف اداکارہ شبنم نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ڈکیتی اور زیادتی میں ملوث خوشاب کے معروف ٹرانسپورٹر فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
اداکارہ شبنم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ زیادتی میں ملوث ملزم کے خلاف آواز بلند کرنے پر پاکستانی عوام کی شکرگزار ہیں۔
یاد رہے کہ خوشاب کے ایک معروف ٹرانسپورٹر فاروق بندیال کی تحریک انصاف میں شمولیت کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا گیا کہ فاروق بندیال 1978 میں مشہور اداکارہ شبنم کے گھر پر ڈکیتی اور زیادتی میں ملوث رہا ہے، یہ وہی دن تھے، جب ان کی مشہور فلم آئینہ ریلیز ہوئی تھی۔ بعدازاں یہ ملزمان پکڑے گئے اور ضیا الحق کی فوجی عدالت سے انہیں سزائے موت سنائی گئی، تاہم اداکارہ شبنم نے اپنے وکیل ایس ایم ظفر کے توسط سے فاروق بندیال اور دیگر ملزمان کی سزا میں کمی کی اپیل کر دی تھی۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکال دیا تھا۔
معاملے کی تحقیقات کرنے والی ایک رکنی کمیٹی کے رکن اور تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ فاروق بندیال کا تحریک انصاف میں شامل ہونا افسوسناک تھا، انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکالا جارہا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے فاروق بندیال کی پارٹی میں شمولیت کا نوٹس لیا ہے۔ تحریک انصاف کسی صورت اخلاقی معیارات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی