مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 5 نوجوانوں کو شہید کردیا

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور ریاستی دہشت گردی کے تازہ ترین واقعے میں بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ اور کپواڑہ میں آپریشن کے نام پر 5 مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

قابض بھارتی فوج نے 3 نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے تھامونا میں شہید کیا اورایک نوجوان کو ضلع کپواڑہ کے علاقے تنگا کچاما میں آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کیا۔

نوجوانوں کی ہلاکت پرمقبوضہ وادی میں قابض فوج کے خلاف بھرپور احتجاج دیکھنے میں آیا جبکہ بھارتی فوج نے مظاہرین کو روکنے کے لیے نہ صرف آنسو گیس کی شیلنگ کی بلکہ پیلٹ گن کا بھی استعمال کیا گیا اورفائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں ایک اور نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ضلع شوپیاں کے علاقے بڈگام میں پولیس پرگشت کے دوران حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 قابض فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

ادھرحریت کانفرنس نے بھارتی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کے باوجود کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد انجام تک پہنچائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.