ترقی کا راز آئین کی پاسداری میں ہے،صدر ممنون کا الوداعی خطاب

اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے افسران اور اہلکاران سے الوداعی ملاقات کی ہے،صدر مملکت کی مدت 8 ستمبر کو پوری ہو رہی ہے، نو منتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اتوار کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔
صدر ممنون حسین نے الوداعی خطاب میں کہا کہ صدر مملکت کی ذمہ داریو ں کے بارے میں مختلف حلقوں میں کافی ابہام پایا جاتا ہے لیکن آئین وقانون کی پاسداری اور حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کا راز پوشیدہ ہے۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ وہ بارگاہِ الٰہی میں شکر گزاری کے جذبے کے ساتھ ایوان صدر سے رخصت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے اختیارات اور آئینی حدود کا ادراک کیا اور ان پر سختی سے کاربند رہے، وہ اللہ اور اپنے ضمیر کے سامنے سرخرو رہے ہیں۔
ایوان صدر کے افسران و اہلکاران سے الوداعی ملاقات میں خطاب کرتے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ مختلف حلقوں میں صدر مملکت اور ایوان صدر کی ذمہ داریوں کے بارے میں کافی ابہام پایا جاتاہے جس کی وجہ ملکی سیاسی تاریخ بھی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے بعض صدور نے آئین اور قانون کی منشا پر چلنے کے بجائے اپنی پسند اور ناپسند کے مطابق کام چلانے کی کوشش کی۔
صدرمملکت نے کہا کہ ا ب وہ ایک بار پھر عام آدمی کی طرح اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے، ایوان صدر کے حکام اور عملے کے افراد کا تعاون پر شکر گزار ہوں۔
ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری اتوار کو دن ایک بجے ایوان صدر میں ہو گی،چیف جسٹس آف پاکستان منتخب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے حلف لیں گے ۔
تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم،وفاقی کابینہ کے ارکان، ارکان پارلیمنٹ ، اعلی عدلیہ کے ججز ، مسلح افواج کے سربراہان، مختلف ممالک کے سفیروں اور مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔