سیاسی درجہ حرارت بڑھنے سے جمہوریت کو خطرہ ہے، سعد رفیق

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا تو خطرہ ہے کہ کہیں جمہوریت ڈی ریل نہ ہوجائے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو بھی کہا یو ٹرن لیا، یوٹرن اب عمران خان کا برینڈ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر موجودہ حکومت نے شدید شرمندہ کیا ہے، کشکول میں سعودی عرب کے علاوہ کسی نے سکہ نہیں ڈالا، سی پیک کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور انہوں نے وہ سب کچھ کیا جو ہندوستان سی پیک کیخلاف نہ کرسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ووٹ کا مذاق اڑایا جائے گا اور عوام کا فیصلہ نہیں مانا جائے گا تو پھر اس طرح کے ٹوٹ بٹوٹ حکمران آئیں گے جن کو کام نہیں آتا ہوگا۔
ن لیگی رہنما نے اپنے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہمارے خلاف ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں، قیصر امین بٹ سے مجسٹریٹ تبدیل کراکے اپنی مرضی کا بیان لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے رولز کی دھجیاں اڑا کر بیان قلمبند کیاگیا، قیصر امین بٹ کے تین بیان ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، ہمارےخلاف گواہی کیلئے قیدیوں پر تشدد کیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے سیاسی انتقام کے سواء کچھ نہیں کیا، سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا تو خطرہ ہے کہ کہیں جمہوریت ڈی ریل نہ ہوجائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے 28 بار ٹرین کےکرائے کم کیے تھے لیکن انہوں نے تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود 19 فیصد بڑھائے ہیں، جتنی نئی ٹرینیں چلی ہیں وہ سب نقصان میں چلائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی اور دھابیجی ٹرینیں وزیراعظم اور صدر کو خوش کرنے کیلئے چلائی گئیں جو کہ صرف اور صرف خسارہ میں ہیں۔