جائیداد کے تنازع پر بھائی نے بھائی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

کراچی میں جائیداد کے تنازع پر بھائی کی فائرنگ سے دوسرا بھائی ہلاک اور اس کی بیوی زخمی ہوگئی، ملزم نے خودکشی کرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں بھائی نے جائیداد کے تنازع پر بھائی کو قتل اور بھابھی کو زخمی کرکے خودکشی کرلی۔

پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں مرد راستے میں دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق خالد نامی شخص نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی حامد کو قتل اور بھابھی کو زخمی کیا اور اس کے بعد خود بھی خودکشی کرلی، واقعہ جائیداد کے تنازع پر پیش آیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے واقعے میں استعمال ہونے والی نائن ایم ایم پستول تحویل میں لے لی ہے، اسپتال میں زیرعلاج زخمی خاتون کا بیان لینے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.