خودکش حملے میں امریکی فوج کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔طالبان۔فائل فوٹو
خودکش حملے میں امریکی فوج کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔طالبان۔فائل فوٹو

طالبان کے حملے میں 4 امریکی فوجی ہلاک، 3 زخمی

بگرام ائیر بیس کے قریب طالبان کے حملے کے نتیجے میں 4 امریکی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

افغان نیوز ایجنسیکے مطابق گزشتہ روز شام ساڑھے پانچ بجے بگرام ائیر بیس کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 امریکی فوجی ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی شناخت 24 گھنٹوں کے بعد ظاہر کی جائے گی جس کے بعد انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔

گورنر عبدالشکور قدوسی کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں پر حملہ دھماکا خیز مواد سے لیس گاڑی پھٹنے کے باعث ہوا ہے۔

دوسری جانب طالبان نے اپنے ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خودکش حملے میں امریکی فوج کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 10 سے زائد فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بگرام حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ دہشت گردی کا بیہودہ عمل ہے۔