سرینڈر ہونا عمران خان کے خاندان کا خاندانی معاملہ ہے۔۔فائل فوٹو
سرینڈر ہونا عمران خان کے خاندان کا خاندانی معاملہ ہے۔۔فائل فوٹو

عمران خان نے کشمیر ٹرمپ کے ہاتھوں بیچ دیا۔فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کشمیر کو ٹرمپ کے ہاتھوں بیچ دیا ہے، اور امریکا سے بھی خالی ہاتھ آگئے۔

اسلام آباد میں کشمیر کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف)  مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے جو کچھ بھی کیا یہ اچانک نہیں ہوا، نریندرا مودی نے انتخابی مہم میں کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا کہا تھا اورگزشتہ انتخابات میں مودی کی پارٹی بی جے پی کا یہ واضح منشور بھی تھا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا معاملہ اب عالمی فورم سے نکل گیا ہے، بھارت عالمی قراردادوں کو رد کرتے ہوئے یکطرفہ طور پرکشمیرکو ہندوستان کے جغرافیہ میں داخل کرلیا اور ہمارے حکمران تماشہ دیکھتے رہے، اب بھی مسئلہ کشمیرپرہماری حکومت سنجیدہ نہیں نظر آرہی، کور کمانڈر کانفرنس میں بھی مسئلہ کشمیرپرحکومت کی پالیسی کی حمایت کی گئی حالانکہ حکومت کی ابھی تک کوئی پالیسی واضح نہیں، سلیکٹیڈ وزیراعظم بھی مسئلہ کشمیرپرخاموش ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کو ٹرمپ کے ہاتھو بیچ دیا ہے، سلیکٹیڈ وزیراعظم ٹرمپ کے پاس سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹ کر آئے، سرینڈر ہونا عمران خان کے خاندان کا خاندانی معاملہ ہے۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے اس لیے ان سے امید کی بھی توقع نہیں ہے، میں قوم سے گزارش کروگا یہْ ہماراہ متحد ہونے کا وقت ہے، آزادی کی جنگ میں ہمیں کشمیریوں کی مدد کرنی چاہئے، قوم نے براہ راست کشمیریوں کو یقین دلانا ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہے۔