پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ادارے مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں، لاہور ہائی کورٹ
پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ادارے مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں، لاہور ہائی کورٹ

شریف خاندان کے مقدمات سننے والے ججوں کو ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت

لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف اور مریم نواز سمیت شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کے خلاف قائم مقدمات کی سماعت کرنے والے تین ججوں کو رپورٹ کرنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جج مسعود ارشد، محمد نسیم ارشد اور مشتاق الہٰی کو ہائی کورٹ میں رپورٹ کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر مراسلہ جاری کر دیا۔

مراسلے میں مذکورہ ججوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت قانون و انصاف نے 26 اگست کو ایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت ‘چیف جسٹس ہائی کورٹ نے آپ کی تبدیلی اورمزید احکامات کے اجرا تک ہائی کورٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایات دی ہیں’۔

ہائی کورٹ کی جانب سے جاری مراسلے میں ججوں کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ لاہور کی انسداد منشیات عدالت کے جج ارشد مسعود رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کی سماعت کر رہے تھے۔

جج رانا مسعود ارشد کو 28 اگست 2019 کو اس وقت سماعت سے روک دیا گیا تھا جب وہ رانا ثنااللہ کی ضمانت کے حوالے سے ان کے وکلا کے دلائل سن چکے تھے جبکہ پراسیکیوٹر کو اپنے دلائل پیش کرنا تھے۔