ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

عمران خان کی نااہلی کے وائرس نے پورا نظام پولیو زدہ کردیا۔مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی نالائقی اورنااہلی کے وائرس نے پورے نظام کو پولیو زدہ کردیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال میں پولیو کے مریضوں کی تعداد 3 سے 62 ہو گئی ہے، شاید عمران خان نے ٹی وی نہ دیکھا ہو، عمران صاحب وقت پرنوٹس لے لیں ، ملک میں پولیو اور ڈینگی کے مریضوں میں ہر روز کی بنیاد پہ اضافہ ہو رہا ہے۔ عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے معیشت ، پولیو ، ڈینگی، صحت اور تعلیم کے تمام کامیاب پروگرام تباہ ہورہا ہے۔ عمران خان کی نالائقی اور نااہلی کے وائرس نے پورے نظام کو پولیو زدہ کردیا ہے ۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ پولیو پر ٹیکینکل ایڈوائزری گروپ کی رپورٹ عمران صاحب کے خلاف صحت کے شعبے چارج شیٹ ہے۔2014 میں پولیو کی تعداد 306 تھی جس پر نواز شریف کی قیادت میں مربوط اور مضبوط حکمتِ عملی کے ساتھ قابو پایا۔ جولائی 2018 میں ملک بھر سے صرف بلوچستان میں 3 پولیو کیسز تھے، آج یہ تعداد 62 ہو گئی ہے ۔ 6 سال میں سب سے زیادہ پولیو کیسز کا سامنے آنا حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے ۔ وہ تمام بین الاقوامی ادارے جو معیشت کی طرح پولیو پروگرام کی تعریف کر رہے تھے آج تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی نااہلی، غفلت، مجرمانہ لاپرواہی اورنالائقی سے پولیو کا تمام گلوبل پروگرام ہی خطرے سے دوچار ہوچکا ہے۔ نوازشریف دور میں عوام کو صحت کی خدمات کی فراہمی کے پروگرام کو عالمی سطح دنیا کے لیے بہترین مثال قرار دیاجارہا تھا لیکن اب تحقیق اور نگرانی کرنے والے ادارے پاکستان میں پولیو پروگرام کی ناکامی پر تشویش ظاہر کررہے ہیں۔ خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ یہاں سے پولیو وائرس دنیا کے دیگرخطوں میں جانے کا خطرہ ہے۔ ماہرین بتارہے ہیں کہ حکومت کا وژن ہے نہ ہی حکمت عملی، ایک ٹیم کے اصول پر عمل کرنے میں آپ ناکام ہوچکے ہیں۔