گووا میں اس کی خوردہ قیمت 165روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔فائل فوٹو
گووا میں اس کی خوردہ قیمت 165روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔فائل فوٹو

 بھارت میں پیاز نے عوام کے آنسو نکال دیے

بھارت میں پیاز اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ عوام کے آنسو نہیں نکال رہی ہے بلکہ نئے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ گووا میں اس کی خوردہ قیمت 165روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

بھارت کے چاروں بڑے شہروں میں پیاز کی خوردہ قیمت ایک سو یا 120روپے فی کلو یا اس سے زیادہ ہے۔  دہلی میں پیاز کی قیمت 98روپے فی کلو ہے جبکہ چنئی میں 138روپے، کولکتہ میں 140روپے اور ممبئی میں 120روپے فی کلوہے۔

بھارت میں پیاز کی سب سے کم قیمت اترپردیش کے  ضلع جھانسی میں ہے، جہاں اس کی خوردہ قیمت 43روپے فی کلو ہے۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق جھارکھنڈ  میں جہاں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں، لوگ ایک سو روپے یا اس سے زیادہ قیمت پر پیاز خرید رہے ہیں۔ کوزی کوڈ میں پیاز کی قیمت 160روپے فی کلو، ایناکلم میں 150روپے، وائناڈ میں 155روپے، تروچراپلی اور پورٹ بلیئر میں 140روپے، بنگلورو میں 140روپے اور مینگلور میں 149روپے فی کلوہے۔ پٹنہ میں پیاز 90روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔

پیاز کی پیداوارکے لیے مشہور مہاراشٹر کے ناسک میں اس کی قیمت 79روپے فی کلو پہنچ گئی ہے۔ رام پور ہاٹ اورساگر میں اس کی قیمت 50روپے فی کلو ہے۔

اترپردیش کے لکھنو او ر میرٹھ میں پیاز کی قیمت 120روپے فی کلو، وارانسی میں 92 روپے، کانپور میں 65روپے اور الہ آباد میں 75روپے فی کلو ہے۔

شمال مشرق کے اگرتلہ میں پیاز 120روپے اور ایٹانگر میں 100روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔پیاز کی ضرورت اور سپلائی میں 30سے40فیصد کا فرق ہے۔

پیازکی قیمت میں بڑے اضافہ کے پیش نظر حکومت نے اس کی برآمد روک دی ہے اور درآمد کے لیے ٹنڈر جاری کیا ہے۔ بیرون ملک بھی پیاز کی قیمتوں میں تیزی ہے۔ حکومت نے 56000ٹن پیاز کا بفراسٹاک بنایا تھا لیکن وہ ختم ہوگیا ہے۔