کرونا وائرس افغانستان پہنچ گیا

افغانستان کے ایران سے متصل صوبہ ہرات میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس بعد وہاں طبی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

افغانستان کے وزیر صحت نے بتایا کہ ایک شخص میں چین سے پھیلنے والے مرض کرونا وائرس پایا گیا ہے جس کو طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔

کویت میں بھی کرونا کے تین مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایک سعودی شہری بھی شامل ہے۔ کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا کے شکار مریض ایران کے شہر مشہد سے آنے والے مسافر تھے جنہیں کویت ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے۔

کویتی وزارت صحت نے اعلامیہ جاری کرکے کہا ہے کہ ’تینوں مریضوں میں کرونا وائرس کی موجودگی کی یقین دہانی ہوگئی ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ ’کرونا کا شکار پہلا مریض کویتی شہری ہے جس کی عمر53سال ہے، دوسرا مریض سعودی شہری ہے جس کی عمر61 سال ہے جبکہ تیسرا مریض کسی ملک کی شہریت نہیں رکھتا بلکہ ان لوگوں میں سے ہے جو کویت میں کسی شہریت کے بغیر رہتے ہیں اور جنہیں سرکاری اصطلاح میں ’بدون‘ کہا جاتا ہے، اس کی عمر 21 سال ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ’احتیاطی تدابیر کے طور پر تینوں مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ جہاز میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کا بغور طبی معائنہ ہورہاہے۔

چین میں کرونا وائرس 2 ہزار 592 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ جنوبی کوریا میں 7 افراد ہلاک اور 833 سے زائد متاثر ہیں۔ سعودی عرب نے بھی چین کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔

اٹلی میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور157 متاثر ہیں جس کے سبب آسٹریا نے اٹلی جانے والی اپنے ٹرین سروس معطل کردی ہے۔

تبصرے بند ہیں.