11 ارب کے جہاز کی خریداری پر حافظ نعیم الرحمٰن کی حکومت پر تنقید
جماعت اسلامی 13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے گی، جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھی ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی جائے گی۔
فائل فوٹو
لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 11 ارب روپے مالیت کا جہاز خرید لیا ہے۔
لاہور کے چیئرنگ کراس مال روڈ پر جماعت اسلامی کا دھرنا نویں روز میں داخل ہوگیا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث عام شہری مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمپنیوں کو اضافی مارجن دینے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے بیوروکریسی کی مراعات میں اضافے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے بجائے بعض شعبوں کو مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے گی، جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھی ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں خواتین سمیت شہریوں کی شرکت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد کسی ذاتی یا جماعتی انا کی تسکین نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دلانا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کو مسلم امہ کے وسیع تر مفاد میں استعمال کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے گندم کی برآمد کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے پر بھی تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ملک میں گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔