خیرپور : مبینہ زہریلی چائے پینے سے 2 بہنیں جاں بحق، ماں بیٹی بے ہوش
صبح دودھ خرید کر گھر دے کر مزدوری کے لیے چلا گیا تھا، گھر میں دودھ کی چائے پینے کے بعد اس کی اہلیہ اور تین بیٹیاں بے ہوش ہوگئیں،بچیوں کے والد کی گفتگو
فائل فوٹو
خیر پور: خیرپور میں گھر میں مبینہ طور پر زہریلی چائے پینے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور ایک بہن بے ہوش ہوگئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت 16 سالہ صائمہ اور 14 سالہ کلثوم کے نام سے ہوئی ہے، جن کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
بچیوں کے والد کا کہنا تھا کہ وہ صبح دودھ خرید کر گھر دے کر مزدوری کے لیے چلا گیا تھا، گھر میں دودھ کی چائے پینے کے بعد اس کی اہلیہ اور تین بیٹیاں بے ہوش ہوگئیں۔
پولیس حکام نے بتایا واقعے میں خاتون زاہدہ اور ان کی بیٹی علیزہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ دو بیٹیاں دم توڑ چکی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور متعلقہ دکان کو سیل کرکے دودھ کے نمونے حاصل کرلیے ہیں، جنہیں تجزیے کے لیے بھجوایا جائے گا۔