حملہ آور فرار، جلد گرفتار کرلیا جائیگا،پولیس(فائل فوٹو)
حملہ آور فرار، جلد گرفتار کرلیا جائیگا،پولیس(فائل فوٹو)

امریکا کی یوم آزادی پریڈ کے دوران فائرنگ، 6 افراد ہلاک،24 زخمی

شکاگو:  امریکی ریاست الینوئس میں امریکا کے یوم آزادی کی مناسبت  سے ہونے والی پریڈ کے دوران فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست الیونئس کے شہر شکاگو کے علاقے ہائی لینڈ پارک میں پیش آیا ہے، جہاں یوم آزادی کی پریڈ کے دوران نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کی زد میں آکر 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 24 افراد زخمی ہوئے، حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہلاک افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یوم آزادی کی پریڈ کے آغاز کے دس منٹ بعد ہی سپر اسٹور کی چھت سے فائرنگ شروع ہوگئی، جس سے بچنے کیلئے پریڈ میں شریک افراد بھاگنا شروع کردیا۔امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا، واقعے کی تحقیقات اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔