کل رات تک سسٹم کے زیراثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش رہےگی۔فائل فوٹو
کل رات تک سسٹم کے زیراثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش رہےگی۔فائل فوٹو

کراچی میں موسلا دھاربارش،سڑکیں تالاب بن گئیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش  سے سڑکیں تالاب بن گئیں،ٹریفک روانی متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،حسب روایت کے الیکٹرک نے بجلی منقطع کردی۔

صدر، زینب ماریٹ ، پریس کلب ،جناح اسپتال،آئی آئی چندریگر روڈ، سائٹ ایریا، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، سعدی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش  کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال  سے آنے والا مون سون بارشوں کا سسٹم تاحال سندھ میں موجود ہے۔ کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ شہرمیں ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 27.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔جناح ٹرمینل پر 4.4، پی اے ایف مسرور بیس پر4.3 ،یونیورسٹی روڈ پر3.8ملی میٹر۔ ڈی ایچ اے فیزٹو میں 3.6 ملی میٹر اوراورنگی ٹاؤن میں 2.9 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

کیماڑی میں 7.5 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 5.9ملی میٹر، گلشن معمار میں 24.3 ملی میٹر، گلشن حدید 16، نارتھ کراچی 12.8 اور قائد آباد میں 11.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔