بچپن میں پولیس سے ڈرنے والے کرکٹر نسیم شاہ ڈی ایس پی بن گئے

کوئٹہ(امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔
بلوچستان پولیس کی جانب سے نسیم شاہ کو  پولیس کا اعزازی ڈی ایس پی بنادیا گیا۔

اس حوالے سے تقریب کا انعقاد آئی جی بلوچستان پولیس آفس کوئٹہ میں ہوا جس میں نسیم شاہ کو باضابطہ طور پر پولیس کی وردی پہنائی گئی اور رینکس بھی لگائے گئے۔

آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  نسیم شاہ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں، نسیم شاہ نے محدود وسائل کے باوجود اپنا مقام بنایا۔

عبدالخالق شیخ نے کہا کہ نسیم شاہ کو اعزازی ڈی ایس پی مقرر کرنا بلوچستان پولیس کیلئے اعزاز ہے، قومی ہیرو کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعزاز دے رہے ہیں

قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی دیتے ہوئے نیند کی پرواہ نہیں کرتے، بچپن میں پولیس سے ڈرتا تھا۔

نسیم شاہ کو ڈی ایس پی کا رینک لگانے کی تقریب میں اعلیٰ پولیس افسران اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کو بھی کے پی پولیس کا خیرسگالی سفیر مقرر کیا جاچکا ہے۔