مستونگ میں کرنل شہید- سلمان بادینی سمیت 3 ہلاک

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کالعدم لشگر جھنگوی کے دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں پاک فوج کے کرنل سہیل شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جھڑپ میں 2 خودکش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں لشکر جھنگوی کا سلمان بادینی شامل ہے جو سیکورٹی اہلکاروں اور ہزارہ برادری کے افراد سمیت 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھا۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ مستونگ کے علاقے کلی الماس میں خودکش حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں ملٹری انٹیلی جنس سے تعلق رکھنے والے کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے جبکہ سلمان بادینی اور دو خودکش بمبار مارے گئے۔ چار سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔