سپریم کورٹ میں این آر او کیس سماعت کیلئے مقرر

اسلا م آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان میں این آر او کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ منگل کو سماعت کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق کے مطابق سپریم کورٹ میں این آر کیخلاف درخواست منگل کو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی،عدالت نے پرویزمشرف ،آصف زرداری اور اٹارنی جنرل کونوٹسزجاری کردیئے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ منگل کوسماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007 کو قومی مفاہمتی آرڈیننس جاری کیا جسے این آر او کہا جاتا ہے، 7 دفعات پر مشتمل اس آرڈیننس کا مقصد قومی مفاہمت کا فروغ، سیاسی انتقام کی روایت کا خاتمہ اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا بتایا گیا تھا جب کہ اس قانون کے تحت 8 ہزار سے زائد مقدمات بھی ختم کیے گئے۔
این آر او کو اس کے اجرا کے تقریباً دو سال بعد 16 دسمبر 2009 کو سپریم کورٹ کے 17 رکنی بینچ نے کالعدم قرار دیا اور اس قانون کے تحت ختم کیے گئے مقدمات بحال کرنے کے احکامات جاری ہوئے۔