تحریک انصاف کی بی این پی مینگل کو مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل)کے مطالبات تسلیم کرلیے۔ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے مطالبات پر عملدر آمد کی یقینی دہانی بھی کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں حمایت کے بدلے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ 3 اگست کو اسلام آباد میں نعیم الحق کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی تھی جس میں انھیں عمران خان سے ملاقات کی دعوت اور قومی اسمبلی میں حمایت کی دعوت دی تھی، تاہم اختر مینگل نے کہا کہ ہم نے اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر پی ٹی آئی کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں، لاپتہ افراد کی بازیابی اورسی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے، لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے بھی بی این پی مینگل سے مذاکرات کئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نعیم الحق، یارمحمد رند اور چوہدری سرور نے عمران خان کو مطالبات سے آگاہ کیا تھا، جب کہ چوہدری سرور کی ذاتی مداخلت کے بعد اب تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے بی این پی (مینگل) کو مطالبات پر عملدر آمد کی یقینی دہانی کرا دی ہے، اور کہا ہے کہ بی این پی کی طرف سے جلد مثبت جواب ملے گا۔