سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی

لاہور: سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے حکم جاری کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کریں گے اور پہلے تجربے میں ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے، الیکشن کمیشن نے نادرا کے اشتراک سے اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ ووٹر لسٹوں میں درج کرلیے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آئی ووٹنگ سے انتخابی نتائج کو ضمنی نتائج میں شمار کیا جائے گاور کسی بھی تنازع کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو الگ کردیا جائے۔
جسٹس ثاقب نثار نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے ووٹ ڈالنے کا حق تسلیم کرلیا گیا ہے، اب عملدرآمد کا معاملہ ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو الیکشن کمیشن کے قواعد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے۔
جسٹس ثاقب نثار نے عدالتی حکم پر پائلٹ پراجیکٹ بنانے پر نادرا اور الیکشن کمیشن کو بھی مبارکباد دی۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس نتائج کو نظر انداز کردیا جائے، انتخابی نتائج کی درستگی سے متعلق تمام نتائج پارلیمنٹ کے سامنے رکھے جائیں۔