اڈیالہ جیل میں قید کیپٹن صفدرکو دل کی تکلیف، اسپتال منتقل

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی منتقل کردیا گیا ہے جہاں آر آئی سی کے سی ای او جنرل اظہر کیانی کیپٹن (ر) صفدر کا معائنہ کریں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر کو گزشتہ رات معدہ میں اور دل میں تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ڈاکٹرز کے معائنہ کے بعد انہیں مزید اسپتال میں رکھنے یا اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائےگا۔
چند روز قبل بھی کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جیل ذرائع کے مطابق معدے کی گنجائش کم کرانے کیلئے آپریشن کی وجہ سے کیپٹن صفدر کو تکلیف کا سامنا تھا اور وہ جو چیز کھاتے یا پیتے ہیں الٹی کر دیتے تھے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی۔