عید الاضحیٰ کے دوسرے دن بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی جاری

ملک بھرمیں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔پہلے دن منہ مانگے دام وصول کرنے والے قصابوں نے جانور ذبح کرنے کے ریٹ گرا دیے۔
پاکستان بھر میں آج عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ علی الصبح اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ قربانی کا گوشت جہاں عزیز و اقربا میں تقسیم کیا جا رہا ہے وہیں مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔
قربانی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں آلائشیں اٹھانے کے لیے آپریشن بھی جاری ہے اور انتظامیہ ایکشن میں ہے۔
تاہم کئی شہروں میں اب تک گلی محلوں میں صفائی ستھرائی نہ ہوسکی اور آلائشوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔
دوسری جانب قربانی کے بعد گھروں پر مختلف اقسام کے کھانے پکانے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
تاہم اس بات کا بھی خیال رکھا جانا ضروری ہے کہ کسی بھی چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے، خصوصاً عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کی زیادتی اکثر لوگوں کی صحت کو متاثر کر دیتی ہے، لہذا کھانے میں اعتدال پسندی کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔