شنگھائی تعاون تنظیم کی فوجی امن مشقوں میں پاکستان کی پہلی بار شرکت

روس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے بینر تلے امن مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے اور ان امن مشقوں میں پاکستان اور بھارت کے فوجی دستے پہلی بار شریک ہوئے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مشقوں میں پاکستانی دستہ 80 جوانوں پرمشتمل ہے اور بھارت کے تقریباً 200 فوجی شریک ہیں۔
روس کے مرکزی فوجی ڈسٹرکٹ پریس آفس کے مطابق ان مشقوں میں چینی فوج کے 100 سے زیادہ جنگی ہتھیار شامل ہوں گے جبکہ 700 فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔
اس کے علاوہ ایس سی او کے رکن ممالک روس، جمہوریہ کرغیزستان، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان کے فوجی دستے بھی حصہ لیں گے، امن مشقیں ایس سی او کے چین میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے تین ماہ بعد منعقد ہو رہی ہیں۔
امن مشقوں میں مجموعی طور پر 8 رکن ممالک کے 3 ہزارفوجی شریک ہیں اور سب سے زیادہ چین کے دستے کی تعداد 600 سے زائد ہے۔
ان مشقوں کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ اور انتہا پسندی اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے، یہ مشقیں 10 روز جاری رہیں گی۔