نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل سندھ اسمبلی کی رکنیت سےمستعفی

کراچی:سندھ کے نامزد گورنرعمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری اسمبلی کوبھجوا دیا۔ خرم شیر زمان نے ان کا استعفیٰ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا۔
عمران اسماعیل کراچی میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
نامزد گورنرعمران اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ صوبے کے گورنر ہونگے ، کسی مخصوص شہر کے نہیں، کوشش کرونگا کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں، پانی کا مسلۂ حل کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسپیکر اسمبلی کے تعاون کے شکر گُزار ہیں، وہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گے ، عوامی مینڈیٹ کی تمام نمائندہ جماعتوں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ اپنے قائد کے وژن کے مطابق ایک عام شہری کی زندگی گزارنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ عمران اسماعیل آج شام گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔