وزیراعظم نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے سالانہ 50 ارب روپے کی گیس چوری کی روک تھام کے لیے گیس نرخ میں 46 فیصد اضافے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس ہواجس میں عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کابینہ کی اقتصادی کوارڈینشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 180 فیصد اضافے کی تجویز دی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دی۔
وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا، گیس کے لائن لاسز سے سالانہ 50 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے لہذا قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے گیس کی قیمت میں 46 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔