وزیراعظم سےیمن کے سفیر کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے یمن کے سفیر محمد مطہرالعشبی نے ملاقات کی جس میں پاک یمن تعلقات، مشرق وسطیٰ میں امن وسلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے سفیر کو یمنی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا جب کہ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان یمن تنازع کا پرامن اور قابل قبول حل چاہتا ہے، تمام فریقین رضامند ہوں تو پاکستان امن عمل کیلئے کردار ادا کرسکتا ہے۔
واضح رہےکہ وزیراعظم نے دورۂ سعودی عرب کے بعد 24 اکتوبر کو قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان حوثی باغیوں اور یمن میں سعودی اتحاد کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرے گا۔۔