امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب انتقال کرگئے

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیہ کے مطابق مولانا عبدالوہاب نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
مولانا عبدالوہاب کی نماز جنازہ پہلے بعد از ظہر ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کرکے بعد نماز مغرب کر دیا گیا ہے۔
حاجی عبدالوہاب ایک ہفتہ پہلے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے، لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔گزشتہ رات حاجی عبدالوہاب کی طبیعت کافی خراب ہو گئی جس کی وجہ سے وہ اس جہاں فانی سے رحلت فرما گئے، ان کے انتقال پر مذہبی، سیاسی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور علماء کرام نے افسوس کا اظہار کیا۔
امیرتبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب1922 کو انڈیا کے شہر دہلی میں پیدا ہو ئے ہجرت کے بعد پاکستان آئے، ان کا تعلق راجپوت راؤ برادری سے تھا، اسلامیہ کالج لاہور سے گریجو یشن کیا، گریجویشن کے بعد تحصیلدار کی نو کری شروع کردی، انہوں نے تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حاجی عبدالوہاب مسلم دنیا کے 500 سو بااثر شخصیات میں 10 ویں نمبر پر شامل تھے، ان کا شمار پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تبلیغ کے لئے وقف کی۔