آصف زرداری جمہوریت مخالف عناصر کی آنکھوں میں چبھ رہے ہیں،ترجمان زرداری

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری جمہوریت مخالف عناصر کی آنکھوں میں چبھ رہے ہیں۔
آصف علی زرداری کے ترجمان نے کہا کہ فواد چوہدری اپنے لیڈر عمران خان کی فکر کریں، عمران خاں صرف یوٹرن ہی نہیں لیتے بلکہ گرگٹ کی طرح رنگ بھی بدلتے ہیں اور حکومت کے 100 دن 100 جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ترجمان عامر فدا پراچا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو کرپشن چھپانے کا این او سی دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری نےنجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرداری کو اندازہ ہی نہیں کہ وہ عوام میں کتنے غیر مقبول ہیں، آصف زرداری سمیت دیگر کے جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔