حکومت نے ایک این آر او دیا اور وہ بھی علیمہ خان کو دیا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ حکومت نے ایک این آر او دیا اور وہ بھی علیمہ خان کو دیا۔
اسلام آباد میں مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کا پیسہ پاکستان سے منی لانڈرنگ ہو کر کیسے باہر گیا، ایف آئی اے کب اس پر جے آئی ٹی بنائے گی، موجودہ حکومت یوٹرن حکومت ہے سو دن پورے ہونے کو ہیں لیکن وعدے پورے نہیں ہوئے، سو دن بعد وزیراعظم عمران خان نے صرف ایک بیان دینا ہے کہ میں نے تمام وعدوں پر یوٹرن لے لیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ایک این آر او دیا اور وہ بھی علیمہ خان کو دیا، عمران خان بتائیں کہ علیمہ باجی کی پراپرٹی کہاں سے آئی اور کن شرائط پر انہیں این آر او دیا گیا، نمل یونیورسٹی کی خرد برد کا حساب بھی دیا جائے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان لفظی جنگ پر بات کرنا بھی مضحکہ خیز ہے، عمران صاحب اپنے گھر کو ریگولرائز کراتے ہیں اور دوسروں کے گراتے ہیں۔