کراچی،چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام، تمام دہشت گرد ہلاک

کراچی: کلفٹن میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے چینی قونصل خانے پر حملے کا منصو بہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق قونصل خانے کا تمام چینی عملہ بالکل محفوظ ہے اور صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔
کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

پولیس چیف کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بھی واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی چینی قونصل خانے میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، تینوں دہشت گرد مارے گئے ہیں، قونصل خانے کا چینی عملہ مکمل طورپرمحفوظ اورصورتحال قابومیں ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طورپراے آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق وزیراعلی نے چینی قونصل جنرل سے بات چیت کی اوران سے خیریت دریافت کی، چینی قونصل جنرل قونصل خانے میں خریت سے ہیں۔