کچھ عناصرچین اورپاکستان کی دوستی کوبرداشت نہیں کرسکتے،وزیر خارجہ

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ پرحملہ دہشت گردوں کابزدلانہ عمل تھا، کچھ عناصرچین اورپاکستان کی دوستی کو برداشت نہیں کرسکتے، اس قسم کے عناصر چین اور پاکستان کی دوستی پر اثرانداز نہیں ہوسکتے۔
قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم تینوں حملہ آورمارے گئے، اب معاملہ کنٹرول میں ہے اور علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملہ ناکام بنانے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابل تحسین ہے، قونصلیٹ میں کام کرنے والے تمام 21 ملازمین محفوظ ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملہ دہشتگردوں کا بزدلانہ عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ حملے میں کون ملوث ہے تاہم ہم نے ایسی قوتوں سے نمٹنے کے لیے فورس بھی تیار کر رکھی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ اس ملک میں استحکام اور امن ہو، یہ قوتیں معاشی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کے عزائم کو خاک میں ملادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے راستے میں یہ قوتیں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں تاہم وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔