شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حالیہ بلڈ رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو فوری سی ٹی سکین کرانے کا مشورہ دیا ہے، شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کے خون کے تجزیہ کی رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا معائنہ ان کے گلے میں تکلیف کی بنا پر کرایا گیا۔
رپورٹ میں کروموگرینین اے کی کیفیت کی نشاندہی ہوئی ہے، ان کے خون میں ایڈینو کارسنائیڈ نوڈیول کی مقدار 688 پائی گئی، جس کی خون میں مقدار100 تک ہونی چاہئے، ڈاکٹروں نے شہبازشریف کا فوری سی ٹی سکین کرانے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف کینسر کے مریض رہ چکے ہیں، اور وہ اس مرض سے صحت یاب بھی ہوگئے تھے۔