شہباز شریف کا اسلام آباد کے نجی اسپتال میں طبی معائنہ

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو سی ٹی سکین کےلئے اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں اپوزیشن لیڈرکا مکمل میڈیکل چیک اپ کیا گیا،ڈاکٹرز نے صدر ن لیگ کے خون کے نمونے لئے اور سی ٹی سکین بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کے میڈیکل بورڈ نے سی ٹی سکین اور کچھ بلڈ ٹیسٹ کےلئے کہا تھا،نیب کی تحویل میں ہی انہیں ان ٹیسٹوں کےلئے اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کیاگیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صدر ن لیگ شہبازشریف کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف طبی معائنے کے بعدنجی ہسپتال سے منسٹرانکلیوپہنچ گئے،شہباز شریف کوکل لاہور لےجایاجائےگا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے اور ان کے خون کی حالیہ تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔