کراچی، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس کی کارروائی، غیرملکی جدید اسلحہ برآمد

کراچی: پولیس نے گرفتار ملزم نسیم کی نشاندہی پر بہادرآباد کے ایک پارک سے غیر ملکی جدید اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ بہادر آباد پولیس نے نسیم عرف بلڈر کو ٹیپوسلطان روڈ پر مقابلے کے بعد گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر اسلحہ کی برآمدگی ہوئی جس میں میں لانگ رینج کی روسی اسنائپر رائفل، سائلنسر لگی ایک کلاشنکوف اور 4 پستول شامل ہیں۔
ملزم نسیم ایم کیو ایم لندن کا سرگرم کارکن ہے اور این آر او کے ذریعے رہا ہوا تھا۔ اسے 2011 میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اورنگی ٹاؤن سے 5 کلاشنکوف سمیت گرفتار کیا تھا مگر پھر ایم کیو ایم اقتدار میں آئی تو این آر او کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کے مقدمات ختم ہونے پر فوری رہائی ملی۔ ملزم نے 11 جون 1998 کو اورنگی ٹاؤن میں رحمت چوک پر ڈینٹسٹ ڈاکٹر مظاہر علی قریشی کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کرلیا۔