نارووال میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی،12 بچے زخمی

نارووال میں پیجووالی ریلوے اسٹیشن کے قریب اسکول وین ٹرین کی زدمیں آ گئی، حادثے میں 12 بچے زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق حادثہ شدید دھند اور پھاٹک نہ ہونے کے باعث پیش آیا، جہاں نارووال میں پیجووالی اسٹیشن کے قریب ایک اسکول وین نارروال سے لاہور جانے والی لاثانی ایکسپریس کی زد میں آگئی۔
اس حادثے کے نتیجے میں اسکول وین میں سوار 12 بچے زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 5 بچوں کو طبی امداد دےکر فارغ کردیا گیا جبکہ 7 بچے زیرعلاج ہیں۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر لطیف افضل کے مطابق بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔