طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کامثبت کرداراہم تھا، زلمے خلیل زاد

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان میں جولائی کے انتخابات سے پہلے طالبان سے امن معاہدے کی کوشش کررہےہیں۔طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کامثبت کرداراہمیت کاحامل ہے۔

زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان سے مذاکرات کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کر دار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بہت ہی مثبت کر دار ادا کیاہے جسے وہ سراہتے ہیں اور چاہتے ہیں پاکستان آئندہ بھی اسی طریقے اور خلوص سے کردار ادا کرتارہے۔

واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ امریکا پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ مفاہمت کی جو کوششیں پاکستان نے کی ہیں ان کی وجہ سے پاکستان اہم ملک کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان سے بات چیت بالکل ابتدائی مرحلے پر ہے۔ ایک لمبے سفر کے آغاز کے ابھی دو تین قدم ہی اٹھائے گئے ہیں۔ افغانستان کی سرزمین امریکا اور دوسرے ملکوں کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات شروع ہوں۔