بیماری سے تنگ پولیس ٹریننگ اسکول میں زیر تربیت سپاہی کی خودکشی

سرگودھا میں پولیس ٹریننگ اسکول میں ایک زیر تربیت سپاہی نے مبینہ طور پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق فیصل آباد کا رہائشی مدثر 3 ماہ سے پولیس ٹریننگ اسکول میں زیرتربیت تھاکہ رات گئے اس نے خودکشی کرلی۔

خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے والے مدثر کی جیب سے کاغذ پر لکھی ہوئی ایک تحریر ملی ہے، جس میں درج ہے کہ میں اپنی بڑھتی ہوئی بیماری کی وجہ سے خود کشی کر رہا ہوں اور میرے اس عمل کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو منتقل کردیا گیا،لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کی رپورٹ درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔