پاکستانی نوجوانوں کیلئے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان

پاکستانی نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے مشن پر اقوام متحدہ بھی پاکستان سے تعاون کو تیار ہے، اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور اقوام متحدہ حکام کی ملاقات ہوئی۔ عثمان ڈار نے اقوام متحدہ کو کامیاب جوان پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے شروع کیے گئے کامیاب جوان پروگرام کے لئے 30 ملین ڈالرز مختص کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ عثمان ڈار کو پروگرام کا شریک چئیرمین بھی مقرر کردیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یو این حکام نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے اور جلد لانچنگ ہوگی، نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

اس پروگرام کے تحت پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے جن کے ذریعے انہیں بااختیار بنایا جائے گا۔