کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے،فائل فوٹو
کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے،فائل فوٹو

بیرونی دباؤ پر پابندی لگائی گئی۔ترجمان جماعۃالدعوۃ

جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے وزارت داخلہ کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی دباؤ پر کیے جانے سے اس فیصلہ سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
ترجمان کا کہناتھا کہ کشمیریوں کے حق میں مضبو ط آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے۔
وزرات داخلہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ اورفلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یحییٰ مجاہد کا کہنا تھا کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پہلے بھی بھارتی مطالبہ پر پابندیاں لگائی گئیں۔
ترجمان کا کہناتھا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں واضح طور پر قرار دیا کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن دونوں پرامن جماعتیں ہیں اور انہیں ملک میں رفاہی، فلاحی اور دعوتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
یحییٰ مجاہدنے کہاکہ جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے پہلے بھی بیرونی دباؤ پر لگائی گئی پابندیوں کیخلاف عدالتوں سے رجوع کیا، اب بھی عدالت جائیں گے اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اس وقت زبردست عروج پر ہے اور پوری کشمیری قوم پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔