نیب کو مکمل تعاون کا یقین دلایا، چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ مراد علی شاہ

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں نے تفتیش میں نیب کو تعاون کا مکمل یقین دلایا ہے کیونکہ میرے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے، یہ بات انہوں نے نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا دیا۔ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس سے متعلق ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نیب آفس پہنچے تو پہلے ان سے ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی نے ملاقات کی پھر انہیں اپنے ہمراہ پوچھ گچھ کے لیے تفتیشی ٹیم کے پاس مختص کمرے میں لے گئے۔

مراد علی شاہ سے نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے ٹھٹھہ شوگر ملز کی نجکاری سے متعلق پوچھ گچھ کی، وہ اس بارے میں اپنے ہمراہ کچھ دستاویزات بھی لائے تھے

وزیراعلیٰ سندھ سے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار نیب کے سامنے پیش ہوا مجھے کوئی چیز نظر نہیں آئی، نیب کو یقین دلایا کہ پورا تعاون کروں گا، میرے پاس چھپانے کےلیے کچھ نہیں اور تحقیقات کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جو نتیجہ نکالا وہ غلط ہے، خود جے آئی ٹی کے وکیل نے کہا کہ غلط نتیجہ نکالا گیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یہاں اپنے خرچے پر آیا ہوں، سیکیورٹی کا اتنا خرچہ کیا گیا، کراچی میں خاموشی سے پیش ہو آجاتا۔