پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینزکو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔فائل فوٹو
پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینزکو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔فائل فوٹو

چین کاپاکستان کو کورونا ویکیسن کی پہلی کھیپ مفت دینے کا اعلان

چین نے عالمی وبا کورونا وائرس کے تدارک کیلیے اپنے دیرینہ دوست ملک پاکستان کو ویکیسن کی پہلی کھیپ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کا اس اہم خبر کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کو مفت دے گا۔ چین کی جانب سے یہ اقدام جذبہ خیر سگالی کے تحت طورپرکیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے کورونا ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس احسن اقدام پر میں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کو 31 جنوری تک ویکسین کی 5 لاکھ جبکہ فروری کے آخر تک بھی مزید خوراکیں مل جائیں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے عالمی وبا کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ وبا کی روک تھام کیلئے بنائے گئے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے دوران بہترین کام کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپربھی اپنا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اوربتایا کہ چین کی جانب سے کورونا ویکیسن کی 5 لاکھ خوراکیں پاکستان کو تحفے میں دی جائیں گی۔