ویتنام کے شراب خانے میں آگ بھڑک اُٹھی،15خواتین سمیت 32 افراد ہلاک

ہوچی من : ویتنام کے شہر ہوچی من کے قریب موجود ایک بار میں آگ لگنے سے ابتدائی معلومات کے مطابق32 افراد ہلاک  ہوگئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ بار ہوچی من شہر کے قریب ایک رہائشی علاقے میں موجود ایک عمارت کی دوسری منزل پر واقع تھا جہاں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔

ویتنامی وزارت سکیورٹی کے مطابق بار میں آگ لگنے کے واقعے میں 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں 17 مرد اور 15 عورتیں شامل ہیں جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ویتنامی حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے ریسکیو اہکار اندر پھنسے لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ویتنامی سرکاری میڈیا کے مطابق 8 افراد کی لاشیں بار کے واش روم سے ملی ہیں جن کی موت ممکنہ طور پر دم گھٹنے کے باعث ہوئی، آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں بھر گیا تھا اور ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے کے باعث زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔