برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں بلّا بھی شامل ۔۔۔

لندن(امت نیوز) برطانیہ کی وزیراعظم لِز ٹرس کے استعفے کے ساتھ ہی جہاں سیاستدان اس عہدے کے حصول کے لیے متحرک ہوئے، وہیں ڈاؤننگ اسٹریٹ کا چیف ماؤسر لیری بھی اس دوڑ میں شامل ہوگیا۔
لیری دی کیٹ کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’’بادشاہ نے مجھے کہا ہے جاؤ، وزیراعظم بن جاؤ۔‘‘
لیری دی کیٹ کہلانے والا سفید اور بھورے رنگ کا بلّا 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کا سرکاری بلّا ہے، جسے چیف ماؤسر کا عہدہ دیا گیا ہے، اس کے فرائض منصبی میں شامل سب سے اہم کام چوہوں کا صفایا کرنا ہے۔
لیری دی کیٹ کے نام پر بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو سیاسی معاملات پر طنزیہ انداز میں تبصرے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
’لیری دی کیٹ‘ نے برطانیہ کی تازہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے لکھا کہ ’بادشاہ نے مجھے کہا ہے کہ ابھی جاؤ اور بطور وزیراعظم ملک کا چارج سنبھالو۔‘
یہ ٹویٹ چند ہی منٹ میں وائرل ہو گئی اور ایک گھنٹے میں ہی اس کو ہزاروں کی تعداد میں لائیکس ملے اور بڑی تعداد میں ری ٹویٹ بھی ہوئی جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
ٹویٹ کے مطابق ’بادشاہ نے یہ بھی کہا کہ یہ واہیات کھیل بہت طویل ہوگیا ہے، تم ہی وزیراعظم بن جاؤ۔‘
لیری کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہلکے پھلکے اور مزاح پر مبنی پوسٹس سامنے آتی رہتی ہیں اور برطانیہ میں کسی بھی سیاسی صورتحال یا ایشو پر ماضی میں بھی کچھ ایسے ہی تبصرے شیئر ہوتے رہے ہیں۔
جولائی میں جب کئی ارکان نے اس وقت کے وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ سے استعفٰی دیا تھا تو اس وقت لیری نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے اپنا استعفٰی پیش کردیا تھا۔
اس حوالے سے کی گئی ٹویٹ لکھا گیا تھا کہ ’میں ایک اچھے ضمیر کے ہوتے ہوئے وزیراعظم کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتا۔ بھلے وہ جائیں یا پھر میں۔‘
چیف ماؤسر نے ایک اور ٹویٹ میں اپنی ایک فوٹوشاپڈ تصویر بھی جاری کی تھی، جس میں وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر پوڈیم پر کچھ یوں کھڑے ہیں جیسے پارلیمان کے ارکان صحافیوں سے بات چیت کیا کرتے ہیں۔ اس کے اگلے روز ہی بورس جانسن نے استعفٰی دے دیا تھا۔